عقل اور مصنوعی ذہانت کا امتزاج ضروری ہے،عارف علوی

نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ذیلی کالج پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج کے جلسہ تقسیم اسناد پر گروپ فوٹو


اسلام آباد:صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ انسانی عقل اور مصنوعی ذہانت کا امتزاج عصرِ حاضر کی اہم ضرورت ہے۔

نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ذیلی کالج پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج کے 30th جلسہ تقسیم اسناد  سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج پاکستان کی ابھرتی ہوئی صنعت کے لیے اعلیٰ معیار کے انجینئرز مہیا کررہا ہے۔

صدر مملکت نے ترقی اور تحقیق کے فروغ کے لیے پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج کی کو ششوں کو سراہا اور حاضرین کو آگاہ کیا کہ حکومت پاکستان نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے متعدد فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرامز اور ریسرچ گرانٹ اسکیموں کا اعلان کیا ہے۔

جلسہ تقسیم اسناد بحریہ آڈیٹوریم کراچی میں منعقد ہوا۔ صدر  پاکستان ڈاکٹر عارف علوی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ انھوں نے فارغ التحصیل طلباء کو ڈگریاں تفویض کیں جبکہ تقریب میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی، نیول افسران، معزز شخصیات اور ڈگری حاصل کرنے والے طلبا کے والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کانوکیشن میں 339 طلبا کو ڈگریاں تفویض کی گئیں جن میں سے تین پی ایچ ڈی،پانچ ماسٹرز اور 283 بی ای کے طلبا نے حاصل کیں۔ جس میں میکینیکل ، الیکٹریکل ، آئی ایم ای اور بی ایس مینجمنٹ انفارمیشن سسٹمزکے شعبے شامل ہیں۔

بہترین تعلیمی کارکر دگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا کی حوصلہ افزائی کے لیے 29 تمغے تفویض کیے گئے جن میں دس صدارتی گولڈ میڈلز، پانچ چیف آف دی نیول اسٹاف گولڈ میڈلز، سات چانسلرسلور میڈلز اورسات ریکٹر گولڈ میڈلز شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں