نیب تحریک انصاف کے کارکنان کو گرفتار نہیں کر رہی، شیخ وقاص اکرم


اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر اور سابق رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چند لوگوں کا نام بھی نیب میں موجود ہے لیکن نیب کی جانب سے ان کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا جا رہا۔

ہم نیوز کے پروگرام “پاکستان ٹونائٹ” میں میزبان ثمر عباس سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر آصف علی زرداری کی گرفتاری عمل میں آتی ہے تو اتنے ہی لوگ اکھٹے ہوں گے جتنے نواز شریف اور شہباز شریف کی گرفتاری پر ہوئے تھے۔

گزشتہ حکومتوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتیں اپنے کیے پر پچتاتی ہیں لیکن اب ان باتوں کا فائدہ نہیں، جب ان کے پاس وقت تھا تو انہوں نے معاملات ٹھیک نہیں کیے۔

تحریک انصاف کی حکومت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اپوزیشن کے ساتھ بہتر رویہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے ورنہ معاملات کا حل مشکل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں وزیر اعظم عمران خان اپنے کیے ہوئے وعدے پورے کریں، سیاست میں الفاظ پکڑے جاتے ہیں لہذا سوچ سمجھ کر بولیں اور کوشش کریں کہ کم بولیں۔

حکومت اپنے پاؤں ہر خود کلہاڑی مارتی ہے، فیصل صالح حیات

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما  فیصل صالح حیات نے کہا ہے کہ حکومت میں موجود غیر سنجیدہ لوگوں نے اپنے پاؤں پر خود ہی کلہاڑی ماری ہے، انہیں کسی دشمن کی ضرورت نہیں ہے، ایسی حرکتیں کبھی کسی حکومت کی جانب سے نہیں ہوئیں جیسی تحریک انصاف کی حکومت نے چار مہینے میں کی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ اپوزیشن مضبوط ترین اپوزیشن ہے، حکومت کسی پارٹی کی بھی ہو اس کا مقصد یہی رہتا ہے کہ ملکی معاملات آرام سے چلیں اور ان کی جانب سے کسی بھی طرح کے مسائل پیدا نہ ہوں۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران خان نے بیرونی ممالک جا کر ملک میں کرپشن کا رونا رویا اور پیسہ نہ ہونے کی بات کی، اس طرح کی باتیں سن کت کون ملک میں سرمایہ کاری کرنے آئے گا؟

حکومت لچک کا مظاہرہ کر رہی ہے، ہمایوں اختر

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اخترنے کہا کہ پارلیمانی نظام میں سب کو ساتھ لے کر چلنا پڑتا ہے، حکومت کی جانب سے کوشش کی جا رہی ہے، یہاں تک کہ گرفتار شدہ لوگوں کو بھی پارلیمینٹ میں آنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پبلک آکاؤنٹس کمیٹی کے معاملے پر بھی حکومت نے لچک کا مظاہرہ کیا اور شہباز شریف کا نام تسلیم کر لیا۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو مسئلہ اس بات سے ہے کہ ان کے لیڈران کے خلاف حکومت کی جانب سے کارروائیاں کی جار ہی ہیں۔


متعلقہ خبریں