کشمیر میں مظالم، پاکستان کا اقوام متحدہ سے رابطہ


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں بند کرائے۔

انہوں نے  اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتویوگوتریز سے ٹیلی فونک گفتگو میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ کشمیر میں اس وقت مطالم کا سلسلہ جاری ہے جو انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے جسے بند ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں بھارتی فورسز ملوث ہیں۔ وزیراعظم نے  اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل  کو مکمل طور سے کشمیر میں ہونے والے واقعات سے آگاہ کیا۔

او آئی سی کی  کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت 

واضح رہے تین روز قبل مسلم ممالک کی تنظیم ( او آئی سی) نے نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

او آئی سی  نے کشمیر میں حالیہ شہادتوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارتی حکومت سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

انسانی حقوق کے مستقل آزاد کمیشن اور او آئی سی کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیاتھا کہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی کمیٹی کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتی ہے۔

آئی ایس پی آر کا مذمتی ٹویٹ 

اس سے قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ غیر مسلح بہادر حریت پسندوں کو نہیں دبایا جاسکتا، بھارتی فوج پیشہ وارانہ اقدار کی قدر کرے۔

انہوں نے بھارتی فوج کی جانب سے کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ لائن آف کنڑول (ایل او سی) پر شہری آبادی کو نشانہ بنانا بھی قابل مذمت عمل ہے۔


متعلقہ خبریں