اسلام آباد:وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی اس عزم کو دہرایا ہے کہ تمام اسکولز کالجز کو منشیات سے پاک کیا جائے گا۔
پولیس کی پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے بتایا کہ صحافی اور با اثر لوگ منشیات کے استعمال اور پشت پناہی میں ملوث ہیں، ان سب کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ منشیات کی روک تھام کیلیے اینٹی نارکوٹیکس فورس کا کردار اہم ہے اور اب سے پاکستان میں صرف قانون چلے، نئے پاکستان میں کوئی لاقانونیت کا تصور بھی نہ کرے۔
شہریار آفریدی نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر بڑے مگرمچھوں کیخلاف آپریشن شروع کیا ہے اور اسلام آباد سے قبضہ کی زمین کا ایک ایک ذرہ واگزار کرائیں گے۔
وزیرمملکت برائے داخلہ نے تقریب سے خطاب میں بتایا کہ سیف سٹی پروجیکٹ پر قوم سے دھوکا کیا گیا ہے اور میں چیرمین نیب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جہنوں نے سیف سٹی پروجیکٹ پر تحقیقات شروع کی۔
ان کا کہنا تھا کہ جب بھی غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی فرنٹ لائن پر پولیس اپنا کردار ادا کرتی ہے اور اس قوم کو آپ پر فخر ہے۔ وزیرمملکت نے 380 کے قریب پاس آوٹ ہونے والے نوجوانوں کو وزیراعظم کی جانب سے مبارک باد بھی دی۔