اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور آصف علی زرداری ہمارے لیے سیاسی چیلنج تھے، ہم نے سیاسی منزل حاصل کرلی ہے اور معاشی منزل بھی حاصل کرلیں گے۔
وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودہدری نے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجروں سے خطاب میں کہا کہ حکومت کو اس وقت معیشت کا چیلنج ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ نوازشریف اورآصف زرداری کی سیاست ختم ہوچکی ہے، زرداری اور نواز شریف اپنا آخری الیکشن لڑ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم فائر فائٹنگ کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت میں آئے تو ڈالر 128روپے میں تھا اس وقت ملک میں سب سے بڑا چیلنج معیشت کا ہے اور ہم لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طویل عرصے بعد دگنی تعداد میں ٹیکس وصولی ہوئی ہے ہمارا اصل سفر اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے کا ہے اور ہماری پہلی ترجیح یہ ہے کہ دیوالیہ ہونے کے خطرے سے کیسے نکلیں۔
فواد چوہدری نے بتایا کہ 60ارب ڈالر کو 100 روپے پر رکھنے کی مد میں خرچ ہوگیا اور اس کے بعد ایکدم ڈالر کی قیمت بڑھ گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اورسیز پاکستانیوں کو موبائل ٹیکس کی شکایت تھی، ہم دو ارب ڈالر کے موبائل فون منگواتے تھے، ہم برآمد ہونے والی اشیا کی حوصلہ شکنی کی۔
وزیراطلاعات نے بتایا کہ ادائیگی کا فوری مسئلہ ہم نے دوست ممالک کی مدد سے حل کیا، برٹش ایئرویز نے پروازشروع کرنے کا اعلان کردیا ہے، سعودی عرب کے ساتھ آئل ریفائنری کا معاہدہ ہواہے اور متحدہ عرب امارات سے بھی اہم معاہدے ہوئے ہیں۔