پنجاب کے متعدد علاقوں میں دھند سے حد نگاہ صفر ہو گئی

فائل فوٹو


اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے منگل کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ آئندہ دو روز تک شمالی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار اور بالائی علاقوں میں صبح کے اوقات میں کُہرکا امکان۔

پنجاب کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں (رات/صبح) کے اوقات میں دھند پڑنے کا  سلسلہ جاری ہے۔ منگل کی صبح بھی پسرو، نارووال اور عارف والا میں شدید دھند پڑی جس کے سبب حد نگاہ صفر رہ گئی۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کو غیرضروری سفر سے اجتناب برتنے اور ڈارئیور حضرات کو فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حادثات سے بچنے کیلئے پٹرولنگ پولیس کی جانب سے مسافروں کو صبح 10 سے شام 6 بجے کے درمیان سفر کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

فوٹو: ہم نیوز

چونڈہ روڈ، بھاگوال روڈ، کنگرہ روڈ اور پسرور روڈ پر شدید دھند کی وجہ سے ٹریفک کی روانی سست ہوگئی ہے جس سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

دارالحکومت اسلام آباد میں بھی کُہر پڑنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے اور منگل کی صبح درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے تمام اضلاع میں  منگل کے روز موسم سرد اور خشک رہے گا۔ کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹےکےدوران 2018 کا کم ترین درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔

منگل کی صبح کراچی کا درجہ حرارت 16.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا اور آئندہ چند روز میں مزید کم ہونے کا امکان ہے۔

بلوچستان کے تمام اضلاع میں آج موسم خشک اور سرد رہے گا۔ زیارت میں سب سے زیادہ سردی پڑنے کا اندیشہ ہے جہاں کا درجہ حرارت بالترتیب منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک نیچے آسکتا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی موسم سرد اور خشک رہا۔ سب سے زیادہ سردی سکر دو میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

استورمنفی 09، گوپس منفی08 ، کالام اور کوئٹہ  منفی06، قلات منفی06، بگروٹ  منفی04،  گلگت منفی 05 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

 


متعلقہ خبریں