سندھ پولیس میں درجنوں عہدے افسران سے محروم


کراچی: سندھ پولیس میں ایڈیشنل آئی جی سے لے کر ایس پی رینک تک کے عہدے خالی ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق افسران سے محروم پوسٹوں کی تعداد درجنوں میں ہے جبکہ اعلیٰ حکام نے ’کام چلانے‘ کے لیے  ایک ایک افسر کو کئی کئی اضافی ذمہ داریاں تفویض کی ہوئی ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق آپریشن اور انوسٹی گیشن جیسے اہم اور حساس شعبوں میں بھی مختلف مناصب خالی ہیں جس کی وجہ سے پرفارمنس شدید متاثر ہورہی ہے۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق سندھ پولیس میں اس وقت ایڈیشنل آئی جی کے چار عہدے افسران کے منتظر ہیں جبکہ  تین ایڈیشنل آئی جیز کو چھ عہدوں کی ذمہ داریاں دی ہوئی ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق ڈاکٹر امیر شیخ ایڈیشنل آئی جی کراچی کے ساتھ ساتھ  ٹریفک پولیس کے سربراہ کی بھی ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں۔ آفتاب پٹھان کو ایڈیشنل آئی جی سندھ، اسٹیبلشمنٹ  اور ٹریننگ کے عہدوں کی بھی ذمہ داریاں ادا کرنا پڑ رہی ہیں جبکہ ولی اللہ دل بھی بیک وقت ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ تعینات ہیں۔

ذرائع کے مطابق سندھ پولیس میں ایڈیشنل آئی جی ویلفئیر لاجسٹک اینڈ فنانس کا عہدہ گزشتہ کئی ماہ سے افسر کی تعیناتی کا منتظر ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ڈی آئی جی عبد الخالق شیخ بھی بیک وقت ہیڈ کوارٹرز اور اسٹیبلشمنٹ کے سربراہ کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ اسی طرح مقصود میمن بیک وقت اے آئی جی فارنزک اور ڈی آئی جی آپریشن تعینات ہیں۔

سندھ پولیس کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق ایس پی مدد گار ون فائیو کے عہدے پر بھی کوئی افسر تعینات نہیں ہے اور اس عہدے کا اضافی چارج پیر محمد شاہ کے سپرد ہے۔

کراچی پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس پی کیماڑی، ایس پی صدر، ایس پی اورنگی ٹاؤن، ایس پی سائٹ، ایس پی بلدیہ ٹاؤن، ایس پی سٹی، ایس پی نیو کراچی، ایس پی گلشن اقبال ، ایس پی لیاقت آباد، ایس پی شاہ فیصل،ایس پی لانڈھی اور ایس پی گلبرک کے عہدے بھی خالی ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق ضلع ملیر میں ایس پی انوسٹی گیشن اور آپریشن دونوں عہدے خالی ہیں اور اپنے افسران کی تعیناتی کے منتظر ہیں۔ ایس پی انوسٹی گیشن ملیر کا عارضی چارج بھی ایس پی گڈاپ اعظم جمالی کے سپرد ہے۔

سرکاری کاغذات کے مطابق شعبہ تفتیش میں ایس پی انوسٹی گیشن ساؤتھ  ٹو کا عہدہ خالی ہے اورڈرائیونگ لائسنس برانچ بھی ایس پی سطح کے افسر سے تاحال محروم ہے۔

ہم نیوز کے مطابق اسپیشل سیکیورٹی یونٹ میں غلام مرتضیٰ تبسم بھی بیک وقت دو عہدوں پر براجمان ہیں۔


متعلقہ خبریں