بھارت کی ریاستی دہشت گردی تھم نہ سکی، مزید دو کشمیری نوجوان شہید

فوٹو: فائل


سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج  کی ریاستی دہشت گردی نہ تھم سکی، قابض فوج نے فائرنگ کرکے مزید دو نوجوانوں کو شہید کردیا ہے جن کی شناخت عادل احمد اور عدنان احمد  کے نام سے ہوئی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ میں آونتی پورہ کے علاقے میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران دو نوجوانوں کو شہید کیا،جس کے بعد ایک ہفتے میں شہید کشمیریوں کی تعداد 25 ہوگئی ہے۔

بھارتی فوج نے علاقے کا محاصرہ کر کے گھر گھر کی تلاشی کی۔

تین روز قبل بھی شوپیاں میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کرتے ہوئے  آٹھ نوجوانوں کو شہید کیا تھا۔

کشمیری رہنما میر واعظ عمر فاروق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا  کہ گزشتہ تین روز کے دوران بھارتی فوج نے 17 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کر دیا ہے جب کہ پیلٹس کی وجہ سے متعدد کشمیری زخمی ہوگئے ہیں جن میں 20 ماہ کی ہبا نثار بھی شامل ہے جس کی آنکھیں متاثر ہوئی ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق رواں سال 21 اکتوبر کو بھی کلگام میں بھارتی فوج کی جانب سے سرچ آپریشن کے دوران 14 سے زائد کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا تھا اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنشینل انڈیا (اے آئی آئی) کی جانب سے کلگام میں کشمیریوں کے قتل کے خلاف آزاد اور منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں