اپوزیشن حکومت گرانے کی جلدی میں ہے، وزیراعظم

 ملائیشیا کے لوگ تعلیم کے لیے پاکستان آتے تھے،وزیراعظم کا ملائیشیا میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب 

  • پاکستان میں ملائیشیا سے زیادہ وسائل ہیں، وزیراعظم
  • پاکستان اور ملائیشیا کی قیادت میں فرق ہے، عمران خان
  • قومیں ترقی اور زوال کا سامنا کرتی رہتی ہیں، وزیراعظم
  • ملائشین سرمایہ کاروں کے لیے ون ونڈو آپریشن متعارف کرانے کا فیصلہ

کوالالمپور: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن بڑی جلدی میں ہے کہ حکومت گر جائے، جمہوریت بچانے کی بات دراصل اپنے آپ کو جیل جانے سے بچانے کی کوشش ہے۔  یہ جمہوریت نہیں کرپشن بچانےکے لیے اکھٹے ہوئے ہیں۔

انہوں نے ملائیشیا میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آج تک گورنسس سسٹم نہیں دے سکے، ماضی میں ہمارے ملک نے تیزی سے ترقی کرنی تھی۔ قومیں ترقی اور زوال کا سامنا کرتی رہتی ہیں۔

عمران خان کا یہ کہنا تھا کہ پاکستان میں ملائیشیا سے زیادہ وسائل ہیں اور پوری دنیا سے کہیں زیادہ  ٹیلنٹ بھی موجود ہے۔  پاکستان اور ملائیشیا کی قیادت میں فرق ہے۔

ملائیشیا میں پاکستانیوں سے اپیل کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کہ اپنے ملک رقوم قانونی طریقے سے بھیجیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی میں ملائیشیا کے لوگ تعلیم حاصل کرنے پاکستان آتے تھے، مہاتیر محمد نے کم  وسائل میں ملائیشیا کو ترقی دی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملائیشیا اور پاکستان کی صورتحال میں بہت فرق ہے اور خاص کر دونوں ممالک کی برآمدات میں زمین و آسمان کا فرق ہے۔ یہ ملائیشیا کی خوش قسمتی کے اسے مہاتیر محمد جیسا لیڈر ملا۔ مجھے مہاتیر محمد نے بیس سال قبل بتایا تھا کہ سرمایہ کاروں کو پیسہ بنانے میں مدد دو، روزگار بڑھے گا۔

12 ربیع الاول کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج عید میلاد النبی ہے اور آج ہمیں اپنے نبی کو یاد کرنا ہے کہ کیسے انہوں نے کمزوروں کو با اختیار بنانے اور انسانیت  کا درس دیا۔

پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو سہولیات دیں گے۔ سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹوں میں خاتمے کی وزیراعظم ہاؤس نگرانی کرے گا۔

اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن نے پہلےدن ہی مجھے تقریر نہیں کرنے دی۔ ان کو ڈر ہے کیونکہ انہوں نے جیلوں میں جانا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ کسی کو این آر او ملے گا نہ مک مکا ہو گا، جتنی دیر ہم اقتدار میں رہیں گے اپوزیشن کے لیے خطرہ ہے۔

وزیر اعظم پاکستان کے دو روزہ دورے کے بعد جاری کردہ اعلامیے کے مطابق عمران خان نے ملائشیا میں سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں بھی کیں۔

اعلامیے میں یہ بھی بتایا گیا کہ حکومت کو ملک میں سرمایہ کاری کے لیے اہم کامیابی مل گئی ہے۔ ملائشین کمپنیوں نے تیل، گیس اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملائشین کمپنیوں نے وزیر اعظم سے سرمایہ کاری کا عمل آسان بنانے کی درخواست بھی کی ہے۔ جس پر عمران خان نے ملائشین سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

عمران خان قیادت کا ملائشین سرمایہ کاروں کے لیے ون ونڈو آپریشن متعارف کرانے کا فیصلہ جس پر سرمایہ کاری بورڈ ون ونڈو آپریشن پر جلد کام شروع کر دے گا۔


متعلقہ خبریں