اپوزیشن کی تحریک استحقاق غیر آئینی ہے، فواد چوہدری


اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی تحریک استحقاق غیر آئینی ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے ڈی جی نیب کے ٹی وی انٹرویوز سے متعلق اپوزیشن کی تحریک استحقاق کو تنقید کا نشانہ بنایا، ان کا کہنا تھا کہ یہ ضیاء الحق کی پارٹی ہے اس لئے بات نہیں سنتی۔

ان کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 4 کے تحت سب برابر ہیں۔ فواد چوہدری کو فلور دینے پر اپوزیشن ارکان نے شدید احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ میرے بات کرنے پر اپوزیشن کو ویسے ہی اعتراض ہوتا ہے۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کی ہدایت پر ایک افسر اپوزیشن کا میڈیا ٹرائل کر رہا ہے، اس شخص کی ڈگری بھی جعلی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتساب ہونا چاہئے پر ایسے لوگوں کے ہاتھوں نہیں۔

پیپلز پارٹی رہنما نوید قمر نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تحریک استحقاق کیلئے تمام تقاضے پورے کیے گئے۔ آج ایک طرف کے ارکان کا میڈیا ٹرائل ہوا ہے کل دوسری طرف کا بھی ہو سکتا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ تحریک استحقاق لانے کا ایک طریقہ ہے۔ فائل میرے پاس آئے گی تو اس پر قانونی رائے مانگوں گا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن کی تحریک استحقاق کو قواعد کے مطابق قرار دیتے ہوئے کہا کہ قانونی رائے لینے کے بعد ایوان کو آگاہ کروں گا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کےلیے ملتوی کردیا گیا۔


متعلقہ خبریں