پنجاب میں اہم مقامات کی سیکیورٹی سخت کرنے کا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب

فائل فوٹو


لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے حکم دیا ہے کہ موجودہ حالات غیر معمولی اقدامات کے متقاضی ہیں، متعلقہ ادارے فول پروف اقدامات یقینی بنائیں اور اہم مقامات کی سیکیورٹی مزید سخت کی جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت امن عامہ کی صورتحال کا جائزہ لینے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیف سیکرٹری، ڈی جی رینجرز، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کو امن عامہ اور سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ نے حکم دیا کہ قانون کی عملداری ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ضروری قدم اٹھایا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کی بہتری کی سوچ لے کر آگے چل رہے ہیں اور کوشش ہے کہ افہام و تفہیم کے ساتھ معاملات طے ہوں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ختم نبوتﷺ کے عقیدے پر غیرمتزلزل ایمان رکھتی ہے۔

انہوں نے علمائے کرام، مشائخ، عظام اور مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں سے اپیل کی کہ قومی مفاد میں اپنا موثر کردار ادا کریں۔


متعلقہ خبریں