احتساب کا عمل ضروری ہے، احسن اقبال


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ ہر ملک میں احتساب کا عمل بہت ضروری ہے۔ جس نے ملکی دولت لوٹی ہو اسے قانون کے سامنے ضرور پیش ہونا چاہیے۔

ہم نیوز کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں میزبان ندیم ملک سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عام انتحابات سے پہلے ہمارے رہنماؤں کی گرفتاریوں کا کیا مطلب تھا؟ سب جانتے ہیں یہ سب کیوں کیا گیا۔

رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ اکثر جگہوں پر قومی احتساب بیورو (نیب) اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی حدود واضح نہیں۔ ہمیں ہر طرف سے سیاسی ایجنڈے کی بو آرہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو طلب کسی اور مقدمے میں کیا گیا تھا جبکہ ان کو گرفتار کسی اور وجہ سے کیا گیا۔

پروگرام میں موجود وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ 50 لاکھ گھر ضرورتعمیر کیے جائیں گے اس میں کسی کو کوئی شک و شبہ نہیں ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ گھروں کی تعمیرات میں نجی سیکٹر کا بہت بڑا ہاتھ ہوگا اور اس منصوبے سے لوگوں  کو روزگار بھی ملے گا۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت والے منصوبے پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ نیا پاکستان ہاؤسنگ سوسائٹی کی نگرانی وزیر اعظم عمران خان خود کریں گے۔


متعلقہ خبریں