آئی سی سی نے مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے شیڈول اور گروپس کا اعلان کردیا۔
جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں ہونے والے ورلڈ کپ میں 14 ٹیمیں شرکت کریں گی اور مجموعی طور پر 57 میچز کھیلے جائیں گے۔
آئی سی سی کے مطابق گروپ مرحلے میں 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر گروپ میں 6،6 ٹیمیں شامل ہیں۔
گروپ اے میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، افغانستان، زمبابوے اور کوالیفائر اے شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا، انگلینڈ، بنگلہ دیش اور کوالیفائر بی شامل ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان 10 اکتوبر 2027 کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔ ورلڈ کپ کا آغاز 2 اکتوبر 2027 کو نمیبیا کے ونڈہوک میں تین ٹیموں پر مشتمل سپر سیریز سے ہوگا۔ اس مرحلے کی فاتح ٹیم گروپ مرحلے میں جگہ بنائے گی۔
گروپ مرحلے کا باقاعدہ آغاز 7 اکتوبر کو کیپ ٹاؤن میں ہوگا، جہاں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور بھارت مدمقابل ہوں گے۔ جنوبی افریقہ 9 اکتوبر کو نیوزی لینڈ جبکہ زمبابوے 11 اکتوبر کو افغانستان کے خلاف اپنی مہم شروع کرے گا۔
پاکستان کا کب کس سے جوڑ پڑے گا
پاکستان ورلڈ کپ 2027 میں اپنا پہلا میچ 8 اکتوبر کو افغانستان کیخلاف کھیلے گا ، دوسرا میچ بھارت سے ہوگا، تیسرا میچ پاکستان 15 اکتوبر کو کوالیفائر اے سے کھیلے گا، چوتھے میچ میں 19 اکتوبر کو زمبابوے سے سامنا ہو گا، پانچویں میچ میں پاکستان کا جوڑ آسٹریلیا سے 22 اکتوبر کو پڑے گا۔
تین مراحل پر مشتمل نیا فارمیٹ
2027 ورلڈ کپ میں روایتی لیگ فارمیٹ کے بجائے تین مراحل ہوں گے۔
پہلے مرحلے میں رینکنگ کی بنیاد پر آخری تین ٹیمیں سپر سیریز میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی۔ تین ٹیموں کے درمیان راؤنڈ رابن مقابلوں کے بعد صرف ٹاپ ٹیم اگلے مرحلے میں جائے گی۔
دوسرے مرحلے میں 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، ہر گروپ میں 6 ٹیمیں ہوں گی۔ ہر ٹیم اپنے گروپ کی دیگر ٹیموں کے خلاف ایک، ایک میچ کھیلے گی، دونوں گروپس سے ٹاپ تین ٹیمیں جبکہ دونوں گروپس میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں سے بہترین ٹیم سپر 7 مرحلے میں پہنچے گی۔
The #CWC27 groups are locked ⚡🔐
A cricketing extravaganza awaits! How to watch the schedule launch ➡️ https://t.co/Eod5GoN7zW pic.twitter.com/oVg7zVHLNF
— ICC (@ICC) October 1, 2026
سپر 7 میں سات ٹیمیں راؤنڈ رابن بنیاد پر کھیلیں گی اور ٹاپ چار ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل 17 نومبر کو کیپ ٹاؤن جبکہ دوسرا 18 نومبر کو تشوانے میں کھیلا جائے گا۔ فائنل 21 نومبر 2027 کو جوہانسبرگ میں شیڈول ہے، جبکہ ضرورت پڑنے پر 22 نومبر ریزرو ڈے ہوگا۔
2027 کا ورلڈ کپ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کے 12 وینیوز پر کھیلا جائے گا۔ یہ 2003 کے بعد پہلی مرتبہ ہوگا کہ مینز کرکٹ ورلڈ کپ ایک بار پھر افریقی سرزمین پر کھیلا جائے گا۔



