’بھارت مسلمانوں پر ظلم وستم ڈھانے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے‘


اسلام آباد: اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے وہ مسلمانوں پر ظلم وستم ڈھانے والوں کوانصاف کے کٹہرے میں لائے۔

جدہ سے جاری بیان میں او آئی سے نے کہا ہے کہ بھارت مسلمانوں کی جان و مال اور مذہبی مقامات کی حفاظت کو یقینی بنائے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ او آئی سی دہلی میں ہونے والے حالیہ مسلم کش فسادات کی مذمت کرتا ہے۔ فسادات میں مسلمانوں کی جان و مال کونقصان پہنچا۔

او آئی سی نے بیان میں کہا ہے کہ دہلی مین مساجد اور مسلمانوں کی املاک پر حملے بھی ہوئے۔ متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ افسوس اور تعزیت کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان کا امریکہ-بھارت دفاعی معاہدے پر خدشات کا اظہار

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ایک ارب آبادی والے ایٹمی ملک بھارت میں نازی نظریات سے متاثر آرایس ایس نے غلبہ پالیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے لکھا تھا کہ نسل پرست نظریات کاغلبہ خون ریزی کی شکل میں نکلتا ہے اور میں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اس خطرے سے آگاہ کیا تھا۔

انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ کہ میں نے کہا تھا بھارتی نسل پرستی کا جن بوتل سے باہرآیا توخون بہے گا۔  مقبوضہ کشمیر میں مظالم ایک آغاز تھا۔

یہ بھی پڑھیں: دہلی فسادات: ہلاکتوں کی تعداد19 ہوگئی، فوج بلانے کا مطالبہ

عمران خان نے ٹوئٹ کیا کہ اب بھارت میں 20 کروڑ مسلمان ہندو بلوائیوں کے نشانے پر ہیں اور عالمی برادری کو اس صورتحال پرفوری ردعمل دینا ہوگا۔

خیال رہے کہ بھارت میں کے دارالحکومت دہلی میں اتوار کے روز سے شروع ہونے والے مسلم کش فسادات میں 19 افراد ہلاک اور 150 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

دہلی کے 10 اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے اور وہاں کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے نئی دہلی میں فسادات پر فوج بلانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔


متعلقہ خبریں