ن لیگ کسی قسم کی ’ڈیل‘ کی طرف نہیں جا رہی، احسن اقبال


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کسی قسم کی ’ڈیل‘ کی طرف نہیں جا رہی۔ 

ہم نیوز کے مارننگ شو ’صبح سے آگے‘ میں میزبان شفا یوسفزئی اور اویس منگل والا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب سابق وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کی اپیل سماعت کے لیے مقرر ہوتی ہے تو اس سے کچھ دن پہلے ایک لابی ’ڈیل‘ کے حوالے سے غلط باتیں پھیلانا شروع کر دیتی ہے تا کہ اگر کسی طرح کا ریلیف ملے تو اسے غلط رنگ دے دیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ نے پارٹی کی نائب صدر مریم نواز پر کوئی پابندی نہیں لگائی، صرف پارٹی صدارت کے حوالے سے بات کی گئی ہے۔ یہاں بلاوجہ لوگ درخواست بازی کرتے رہتے ہیں۔

پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت میں قوم کو متحد کرنے کی صلاحیت نہیں ہے، ان کی ترجیحات صرف حزب اختلاف کے پیچھے پڑنا ہے جبکہ اس وقت حکومت کی اولین ترجیح ملک کے مسائل کا حل ڈھونڈنا ہونی چاہیئے۔

’مسئلہ کشمیر پر کسی کا کوئی جھگڑا نہیں‘

کشمیر کے حوالے سے رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر کسی کا کوئی جھگڑا نہیں ہے، کشمیر کے لیے پوری قوم متحد ہے۔

مظفر آباد جلسے کے حوالے سے شکائت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو کس نے اپوزیشن لیڈر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے لیڈر کو بلانے سے روکا تھا؟ اگر ان کے بلانے پر کوئی نہ جاتا تو وہ انسان قصور وار ہوتا لیکن حکومت نے کسی کو دعوت ہی نہیں دی۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سیاست کو صرف سیاسی ایجنڈے پر رکھا جائے، یہ نہیں چاہیتے کہ سیاست میں مذہب کارڈ کھیلا جائے۔ ہم ملک میں کسی قسم کی افراتفری نہیں پیدا کرنا چاہیتے لیکن حکومت کی کارکردگی سے بالکل مطمئن نہیں ہیں۔

سیاست اور مذہب کارڈ

ملکی معاشی صورتحال کے حوالے سے رہنما ن لیگ نے بتایا کہ اس وقت ہر بندہ یا تو اپنا پیسہ چھپا رہا ہے یا ملک سے باہر بھیج رہا ہے کیونکہ لوگوں کو حکومت پر یقین نہیں ہے، اس کے ساتھ لوگوں کو اس بات کا ڈر بھی ہے کہ پیسہ ظاہر کرنے پر پتا نہیں حکومت کی جانب سے ان کے ساتھ کیسا سلوک کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف ملک کے حالاے دیکھ کر بہت پریشان ہیں۔ ن لیگ نے پورے ملک کے اندر ترقی کی بنیاد رکھی لیکن آج موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے سب کچھ خراب ہو چکا ہے۔


متعلقہ خبریں