پاکستان کی سیکیورٹی اور معاشی بہتری میں یورپی یونین کی دلچسپی


اسلام آباد: یورپی یونین کے سفیر جین فرانکوئس نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف، عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی اور الیکشن میں کامیابی پر مبارک دی، دونوں رہنمائوں نے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بھی بات چیت کی۔
ملاقات کے دوران جین فرانکوئس نے بتایا کہ یورپی یونین پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے ساتھ  کام کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین پاکستان میں سیکیورٹی، معیشت، جی پی ایس، تعلیم  اور دیہی ترقی کے شعبوں میں اشتراک کے لیے خواہاں ہے، انہوں نے بتایا کہ یورپی یونین کو پاک ایران گیس پائپ لائین منصوبے پر کوئی اعتراض نہیں۔

سفیر نے یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ وہ پاکستان کے لیے رکن ممالک سے سرمایہ کاری حاصل کرنے میں نومنتخب حکومت کی معاونت کریں گے، ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین ناصرف پاکستان میں ترقی و استحکام کی خواہاں ہے بلکہ فائینینشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے بھی پاکستان کی مدد کو تیار ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے مبارکباد اور نیک تمناؤں کے اظہار پر یورپی یونین کے سفیر کا شکریہ ادا کیا اور یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تعاون کے ارادے کا خیر مقدم کیا۔

ملاقات میں وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی، اسدعمر اور ڈاکٹر شہزاد  وسیم بھی موجود تھے۔


متعلقہ خبریں