بھارت: تین سال میں ٹرین حادثات میں 50 ہزار سے زائد ہلاکتیں


نئی دہلی: بھارت میں تین سال کے دوران 50 ہزار افراد ریلوے ٹریک پر ٹرین کی ٹکر سے جاں بحق ہوئے۔

بھارتی ریلویز کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سال 2015 سے سال 2017 کے درمیان ٹرین حادثات میں تقریباً 50 ہزار افراد کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا۔

رواں سال 19 اکتوبر کو بھارتی شمالی ریاست کے شہر امرتسر میں ہندو فیسٹیول کی تقریب کے دوران ٹرین کی ٹکر سے 61 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

سینیئر ریلوے افسر نے بتایا کہ بھارتی ریلوے کی جانب سے حادثات کو روکنے کے لیے کئی اقدامات کیے گئے ہیں، جن میں ریلوے ٹریک پر آنے والے افراد کو جرمانہ کرنے اور کراسنگز بند کرنے سمیت کئی اقدامات شامل ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریلوے دنیا کے بڑے ٹرین نیٹ ورک میں سے ایک ہے جہاں روزانہ نو ہزار سے زائد مسافر ٹرینیں چلتی ہیں جن میں تقریباً دو کروڑ 30 لاکھ کے قریب مسافر سفر کرتے ہیں۔

بھارتی ریلوے کے اپنے اسکولز، اسپتال، پولیس اور تعمیراتی کمپنیاں ہیں جہاں 13 لاکھ لوگ اجرت پر کام کرتے ہیں جن کی تنخواہیں ریلوے ادا کرتا ہے۔

بھارت میں ریلوے حادثات معمول ہیں جب کہ بھارتی ریلوے کا ڈھانچہ بھی بہت پرانا ہے۔ بھارت نے سال 2015 میں آئندہ پانچ سال میں ریلوے کو جدید بنانے کے لیے 137 ارب ڈالر خرچ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

گزشتہ سال ریلوے پروٹیکشن فورس نے ایک لاکھ 75 ہزار 996 افراد کو ریلوے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا اور چار کروڑ 35 لاکھ روپے کے جرمانے کیے۔


متعلقہ خبریں