حکومت خود چل سکتی ہے نہ ملک چلا سکتی ہے، زرداری


اسلام آباد: سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ تمام سیاسی قوتوں کو اکٹھا ہوکر یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ  یہ حکومت خود چل سکتی ہے اورنہ ہی ملک چلا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی نااہلی کم وقت میں ہی سب کے سامنے آگئی ہے۔

وہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور سابق چیئرمین سینیٹ نیر حسین بخاری بھی موجود تھے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ این آر او کی باتیں صرف مشہوری کے لیے ہیں، مجھے این آر او کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے کہ نواز شریف اور متحدہ قومی موومنٹ کو اس کا فائدہ ہوا ہو۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تب بھی اسی طرح کے مسائل کا سامنا تھا اور امریکی امداد بند ہوگئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مسائل کی کسی کو فکر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جو پالیسی لائے وہ نوازشریف کو پسند نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ اصولی فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہم کس سمت میں جارہے ہیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف سے اپنے تعلقات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں آصف علی زرداری نے بے ساختہ کہا کہ ‘ایک دکھ ہو تو بتاوں۔’ انہوں نے کہا کہ آج جتنے مقدمات وہ بھگت رہے ہیں وہ سب نواز شریف کے دور میں ہی بنائے گئے تھے۔

سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا کہ نیب کو برا نہیں کہتا ان کے طور طریقوں کو برا کہتا ہوں۔


متعلقہ خبریں