ضمنی انتخابات میں سمندرپار پاکستانیوں کی بھرپور شرکت


اسلام آباد: ضمنی انتخابات کے دوران سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے بھی ووٹ ڈالے گئے، شام چار بجے تک پانچ ہزار سے زائد اپنا ووٹ کاسٹ کرچکے تھے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات میں پہلی بار سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کا حق دیا گیا ہے۔ ضمنی انتخابات میں بیرون ملک مقیم پاکستانی بڑھ چڑھ کر اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

سمندر پار پاکستانیوں نے پاس کوڈ کے ذریعے بذریعہ انٹرنیٹ اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ ووٹنگ کا عمل شروع ہوئے دو گھنٹے بھی نہ گذرے تھے کہ ایک ہزار سے زائد سمندر پار پاکستانیوں نے اپنی حق رائے دہی استعمال کیا۔

ضمنی انتخابات کے سلسلے میں اوورسیز ووٹنگ کے لیے بنائی گئی ویب سائٹ پر دوران پولنگ ہیکرز کی جانب سے دس ہزار سے زائد حملے کیے گئے تاہم کوئی بھی حملہ کامیاب نہ ہوسکا۔

ذرائع کے مطابق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) حکام نے اووسیز ویب سائٹ پر ہونے والے تمام حملوں کو ناکام کر دیا اور سات گھنٹے تک پولنگ کے دوران ایک مرتبہ بھی ویب سائٹ ڈاؤن نہیں ہوئی۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) خضر عزیز کے مطابق اوورسیز ویب سائٹ پر بہت زیادہ لوڈ کی وجہ سے ویب سائٹ سست ہوئی تھی تاہم ویب سائٹ کا آہستہ ہونا معمول کی بات ہے۔


متعلقہ خبریں