وزیراعظم کا ایجنڈا 22 کروڑ کی زندگیاں بدل دے گا،عثمان بزدار

منفی سیاست، منفی سوچ رکھنے والوں کا وطیرہ ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا ایجنڈا 22 کروڑ عوام کی زندگیاں بدل دے گا۔

وہ گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری سے بات چیت کررہے تھے جنہوں نے ان سے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی۔

ہم نیوز کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،100 روزہ ایجنڈے پر ہونے والی پیشرفت اورمیڈیا حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب اوروفاقی وزیراطلاعات و نشریات کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ حکومتی کارکردگی خصوصاً 100 روزہ پلان پر پیش رفت کے حوالے سے اقدامات کو بھر پور طریقے سے اجاگر کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ موجودہ حکومت کی 30 روز کی کارکردگی ماضی کے دور کے مقابلے میں کہیں زیادہ بہتر ہے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات کوبہتر انداز میں عوام کے سامنے لانے کے لیے میڈیا کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کی تعمیر تنقید سے رہنمائی ملتی ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ’اشتہاری حکومت‘ کی ترقی ’اشتہاری‘ ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا فوکس عوام کے حقیقی مسائل پر ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے دعویٰ کیا کہ میڈیا جتنا آزاد آج ہے اتنا پہلے کبھی نہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کارکردگی کے سب سے بہترین جج پاکستان کے عوام ہیں۔


متعلقہ خبریں