بجلی کی قیمتوں میں ایک روپے 16 پیسے فی یونٹ اضافہ



اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا) نے بجلی کی قیمتوں میں ایک روپے 16 پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا۔

نیپرا نے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کی منظوری دی ہے۔

بجلی کی قیمتوں میں ایک روپے 16 پیسے فی یونٹ کا اضافہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔

ایندھن کی قیمتوں کے ضمن میں کیا گیا اضافہ صارفین سے آئندہ ماہ کے بلوں میں وصول کیا جائے گا۔

نیپرا کے مطابق اضافہ کا اطلاق بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین پرلاگو ہوگا البتہ کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔ 

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے فی یونٹ بجلی ڈیڑھ روپے مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی۔ تاہم نیپرا نے صرف ایک روپے 16 پیسے اضافہ کی منظوری دی ہے۔

بجلی کی خریداری سے متعلق پاکستانی ادارے سینٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی کے مطابق اگست میں بجلی کی پیداواری لاگت پانچ روپے 91 پیسے فی یونٹ رہی۔ مذکورہ اضافہ سے صارفین پر آئندہ ماہ 16 ارب کا بوجھ پڑے گا۔

پاور پرچیزنگ ایجنسی ہر ماہ فرنس آئل کی قیمتوں کے رجحان کو دیکھتے ہوئے بجلی کی پیداواری لاگت کا تعین کرتی ہے۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں اسی کے تحت بل جاری کرتی ہیں۔ تیل کی خریداری کے وقت قیمت میں کمی یا بیشی کی صورت میں بجلی کی طے کردہ لاگت اور ایندھن کی اصل قیمت کے فرق کو صارفین پر لاگو کیا جاتا ہے۔

توانائی شعبہ سے متعلق ضوابط کے مطابق اگر طے شدہ لاگت، ایندھن کی قیمت سے زیادہ ہو تو صارفین کو بجلی کی قیمت میں کمی کے ذریعے فائدہ منتقل کیا جاتا ہے۔ البتہ ایندھن کی قیمت، طے شدہ لاگت سے زیادہ ہو جائے تو اسے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت صارفین سے وصول کیا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں