ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم پر فرد جرم عائد


کوالالمپور:  ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق پر کرپشن کے الزامات میں فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔

ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم پر کروڑوں ڈالر کے فنڈز میں خرد برد کے الزامات میں مقدمے چلایا جائے گا،  سابق وزیراعظم پر 25 الزامات کے تحت فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

سابق وزیراعظم نجیب رزاق نے تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے مقدمہ لڑنے کا فیصلہ کر لیا۔

بدھ کے روز نجیب رزاق کو حراست میں لیا گیا تھا۔ حکام کے مطابق نجیب رزاق پر 628 ملین ڈالر کی ریاستی سرمایہ کاری فنڈز میں مبینہ خردبرد کا مقدمہ ہے۔ استغاثہ کے مطابق بعد ازاں یہ رقم نجیب کے بینک اکاؤنٹ میں پہنچ گئی تھی۔

انتخابات میں شکست کے بعد سے نجیب رزاق مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں۔ انہیں طاقت کے نا جائز استعمال سمیت رقوم کی ہیرا پھیری کے سات مختلف مقدمات کا سامنا ہے۔

نجیب رزاق کو کرپشن کے الزام  میں رواں سال تین جولائی کو گھر سے پہلی بار گرفتار کیا گیا تھا۔

اینٹی کرپشن کمیشن کے تفتیشی ماہرین نے نجیب رزاق کے سوتیلے بیٹے رضا عزیز سے بھی اس سلسلے میں تفتیش کی تھی، رضا عزیز امریکہ میں ہالی وڈ کی فلمی صنعت کے ایک معروف پروڈیوسر ہیں۔

نجیب رزاق کے خلاف مبینہ بدعنوانی کی چھان بین اس وقت بھی جاری تھی جب وہ اقتدار میں تھے تاہم اُس وقت یہ کارروائی روک دی گئی تھی۔ نو مئی کو عام انتخابات میں نجیب رزاق کی شکست کے بعد باقاعدہ تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔


متعلقہ خبریں