اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں قائم بینچ آج سپریم کورٹ میں متعدد کیسزکی سماعت کرے گا۔
عالت عظمی جعلی بنک اکاونٹس میں گرفتارملزمان عبدالمجید اورعبدالغنی مجید کے میڈیکل بورڈ سے متعلق ایف آئی اے کی درخواست کی سماعت کرے گی۔
جعلی بنک اکاونٹس انکوائریز میں تاخیر سے متعلق کیس کی سماعت بھی آج ہوگی۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم بینچ ڈی پی او پاکپتن کے تبادلے سے متعلق کیس کی سماعت کرے گا جب کہ جلال پور جٹاں میں ایڈز متاثرین سے متعلق کیس کی سماعت بھی آج ہو گی۔
عدالت عظمی آج پرنٹ اورالیکٹرانک میڈیا ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے متعلق معاملے کی بھِی سماعت کرے گی۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ جس کے دوسرے ارکان جسٹس عمرعطا بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن ہیں، پرائیویٹ میڈیکل کالجز کی فیسوں سے متعلق کیس کی سماعت کرے گا۔
پیر کے روز ملک میں بڑھتی ماحولیاتی آلودگی سے متعلق از خود نوٹس اور اقلیتوں کے حقوق سے متعلق کیسز کی سماعت بھی عدالتی شیڈول کا حصہ ہے۔
سپریم کورٹ کا فل بینچ سی ڈی اے کے 1960 کے ماسٹر پلان سے متعلق کیس کی سماعت کرے گا۔ مذکورہ بینچ دفاتر میں خواتین کو ہراساں کرنے سے متعلق کیس کی بھی سماعت کرے گا۔
جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ فوجی عدالتوں سے سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت کرے گا۔ جسٹس فیصل عرب اور جسٹس منیب اختر اس بینچ کا حصہ ہوں گے۔