سی پیک منجمد کرنا 22 کروڑ کے ساتھ زیادتی ہوگی،شہباز شریف

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نےکہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) گیم چینجر ہے اور اس کو منجمد کرنا 22 کروڑ عوام کے ساتھ زیادتی ہوگی۔ انہوں نے زور دے کرکہا کہ قوم کے ساتھ یہ زیادتی نہ کی جائے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں قائد حزب اختلاف کے چیمبر میں ہونے والی تزئین و آرائش کا جائزہ لینے کے موقع پر ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک سے پاکستان کو بے پناہ فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے   زراعت و کاروبار کو فروغ ملے گا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر نے کہا کہ یہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ملنے والا تحفہ ہے، اس کو منجمد کرکے کفران نعمت نہیں کرنا چاہیے۔

عمران خان کی نومنتخب حکومت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گیس و بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا باقاعدہ میڈیا پر اعلان ہوا جس پر ہم نے آواز اٹھائی تو وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایسی کوئی بات ہی نہیں ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ حکومت فیصلہ کرکے پیچھے ہٹنے سے کیا تاثر دے رہی ہے؟


متعلقہ خبریں