کراچی: ساحل سمندر پر اسٹینڈ اپ اور ون ویلنگ سے دیکھنے والوں کے رونگھٹے کھڑے ہو جاتے ہیں مگر یہ مہنگا شوق صرف ماہر کھلاڑیوں کو ہی زیب دیتا ہے۔
کراچی کے ساحل سمندر پر نجی طور پر ریس کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں 600 سے 1400 سی سی ہیوی بائیکس کے مقابلے ہوتے ہیں۔ ریس کے بعض نظارے ایسے ہوتے ہیں جنہیں دیکھ کر ناظرین کے رونگھٹے کھڑے ہوجاتے ہیں۔
مقابلے میں شریک فراٹے بھرتی سپر بائیکس کا نظارہ کسی فلمی سین سے کم نہیں ہوتا۔ ریس میں شریک بائیک رائیڈرز نے کسی سے باقاعدہ تربیت حاصل نہیں کی ہوتی اور نہ ہی فلم انڈسٹری کی ہیرو یا اسٹنٹ مین ہوتے ہیں۔
ساحل سمندر پر ایسے مقابلوں کا انعقاد اپنی مدد آپ کے تحت کیا جاتا ہے۔
’ہم نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے رائیڈرز نے حکومت پاکستان سے ریسنگ کے لیے الگ ٹریک کا مطالبہ بھی کیا۔
ان نوجوانوں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت سرپرستی کرے تو خطروں کے یہ کھلاڑی ریسنگ میں ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں۔