فضل الرحمان، اعتزاز احسن کی مشروط حمایت پر تیار

مولانا فضل الرحمن اور زرادری کی ملاقات|humnews.pk

اسلام آباد: جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پاکستان پیپلزپارٹی کے صدارتی امیدوار اعتزاز احسن کی مشروط حمایت کی حامی بھر لی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ زرداری ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں مولانا فضل الرحمان نے آصف زرداری کو پیشکش کی ہے کہ اگر شہباز شریف کو منا لیا جائے تو وہ بھی اعتزاز احسن کا ساتھ دینے کو تیار ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا وفد خورشید شاہ کی قیادت میں ن لیگی وفد سے ملاقات کے لیے روانہ ہو گیا ہے۔ پیپلز پارٹی وفد ن لیگی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے دوران شہباز شریف سے بات کرے گا۔

اگر شہباز شریف اسلام آباد میں موجود نہ ہوئے تو پیپلز پارٹی وفد ان سے فون پر بات کرے گا۔

اس سے قبل دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں آصف زرداری نے مولانا فضل الرحمان کو دیگر اپوزیشن جماعتوں سے رابطہ کرنے کا مشورہ دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ہم اپوزیشن میں ہیں اور اپوزیشن کا کام حکومت گرانا اور اپنی حکومت بنانے کی کوشش کرنا ہوتا ہے۔

پیپلز پارٹی کی جانب  سے آصف علی زرداری، سید خورشید شاہ، اعتزاز احسن، قمر زمان کائرہ اور پرویزاشرف جبکہ جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے وفد میں مولانا فضل الرحمن، مولانا عبد الغفوری حیرری اور مولانا فیض محمد شریک تھے۔

دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری بھی زرداری ہاؤس پہنچ گئے جہاں وہ کچھ دیر بعد مشاورتی اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں ممبران قومی اسمبلی اور اراکین سینیٹ شرکت کریں گے۔


متعلقہ خبریں