امریکی رویہ جنگلی بھیڑیے جیسا، ایردوان


بشکیک: ترک صدر رجب طیب ایردوان ایک بار پھر امریکہ پر برس پڑے، انہوں نے واشنگٹن کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے امریکی رویے کو جنگلی بھیڑیے جیسا قرار دے ڈالا۔

ترک صدر نے کرغیزستان کے دورے پر بشکیک میں کاروباری برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں ڈالر کی تجارتی اجارہ داری کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ اس حوالے سے روس اور ترکی کے درمیان ڈالر کے علاوہ مقامی کرنسی میں تجارت کرنے پر بات چیت جاری ہے۔

طیب ایردوان نے کہا کہ وہ حوصلہ ہارنے والوں میں سے نہیں ہیں اور ہر طرح کی مشکلات اور آزمائشوں سے سرخرو ہو کر ابھریں گے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی پابندیاں اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ ترکی کی مضبوط معیشت کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔ ہم اپنی معیشت کو خودمختار بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

ترک صدر نے کہا کہ اب ہم چین اور روس کی طرح مقامی کرنسی میں ہی کاروبار کریں گے، اس معاملہ پر پہلے سے ہی کوششیں جاری تھیں اور کرغیزستان سے بھی مقامی کرنسی میں تجارت کرنے کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی کے بعد ماہ اگست میں انقرہ اور واشنگٹن کے درمیان کشیدگی رہی جس کی وجہ سے تجارتی مارکیٹوں میں خوف اور تشویش کی صورتحال رہی ہے۔


متعلقہ خبریں