’پاکستان اور ایران کے چیلنجز مشترک ہیں‘

پاکستان، ایران کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: پاکستان کے دورہ پر آئے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف اور پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے ہیں۔

مذاکرات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایران اورپاکستان ہمسایہ ممالک ہیں، ہمارے چیلنجز مشترکہ ہیں۔

مذاکراتی عمل کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آگے بڑھنے کےلئے خیالات کا تبادلہ اہم ہے، ملاقات میں مسائل کے حل کےلئے بات چیت ہوئی۔ ان کے مطابق مذاکرات کا مقصد صرف امن ،استحکام اور خوشحالی ہے۔

ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی وفد کے ساتھ بہت مثبت ملاقات ہوئی، ایران پاکستان کےساتھ کام کر کے بہت خوش ہے۔

دورے پر آئے مہمان رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا خاص ہمسایہ ملک ہے، اسلام آباد کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان باہمی اور کثیر القومی تعاون موجود ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خطے کی سیکیورٹی اور امن کےلئے مل کر کام کریں گے۔

جمعہ کے روز پاکستانی دفتر خارجہ میں ہونے والے مذاکرات کے لیے جواد ظریف پہنچے تو پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔

حکام کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان دفتر خارجہ میں ہونے والے مذاکرات میں دوطرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان اور ایران کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں شریک میزبان وفد میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ، ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔

ایرانی وزیر خارجہ کی آرمی چیف سے ملاقات

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے جمعہ کی سہ پہر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ اور علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال ہوا۔

پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن اور سلامتی کے لئے مخلصانہ کوششیں کر رہا ہے۔

گزشتہ روز پاکستان پہنچنے والے ایرانی وزیر خارجہ نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے بھی ملاقات کی تھی۔ وہ نئی حکومت کے قیام کے بعد پاکستان کا دورہ کرنے والے پہلے وزیر خارجہ ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران خطے میں امن کے لیے پاکستان کا شراکت دار ہے اور کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لیے پاکستان کے مؤقف کی تائید کرتا ہے۔


متعلقہ خبریں