گرم میدانوں میں مقابلے، تیاری ٹھنڈے علاقے میں

قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل

فوٹو: فائل


لاہور: قومی کرکٹ ٹیم دبئی اور ابوظہبی کے گرم میدانوں میں ہونے والے مقابلوں کی تیاری آج سے ایبٹ آباد کے سرد اور سہانے موسم میں کرے گی۔

تربیتی کیمپ آرمی اسکول ایبٹ آباد میں 27 اگست سے 31 اگست تک لگایا جائے گا جس میں شرکت کے لیے 26  نمایاں کھلاڑی اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے دیگر حکام آج پیر کے روز پہنچیں گے۔

پی سی بی کی جانب سے طلب کیے گئے کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک، فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد عامر، حسن علی، عثمان شنواری، محمد نواز، حارث سہیل، یاسر شاہ، حارث سہیل، یاسر شاہ، شاہین آفریدی، بلال آصف، محمد اصغر، عماد وسیم، جنید خان، شان مسعود، اسد شفیق، میر حمزہ اور راحت علی شامل ہیں۔

کامران اکمل، ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام ہونے والے احمد شہزاد اور سینئر آل راؤنڈر محمد حفیظ کا نام تربیتی کیمپ کا حصہ بننے والے کھلاڑیوں میں شامل نہیں ہے۔

ایشیا کپ 15 ستمبر کو شروع ہونے جا رہا ہے لیکن قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کی مشکلات تاحال برقرار ہیں اور ان کا نام ایشیا کپ کے اسکواڈ میں بھی کہیں نظر نہیں آ رہا۔

سابق کپتان کو آسٹریلیا اور زمبابوے کے خلاف اہم سیریز بھی باہر بیٹھ کر دیکھنا پڑی تھی۔ زمبابوے کے خلاف پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز میں محمد حفیظ کو ایک بھی مقابلے کے لیے میدان میں نہیں اتارا گیا تھا۔

سینئر کھلاڑی کی سینٹرل کنٹریکٹ میں اے سے بی کیٹیگری میں تنزلی کر دی گئی تھی جس کے بعد محمد حفیظ نے کنٹریکٹ پر دستخط کرنے سے انکار کردیا تھا۔ 37 سالہ محمد حفیظ پچاس ٹیسٹ، 200 ون ڈے اور 83 ٹی 20 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں