دھاندلی کیخلاف تحریک روکنے کے عوض پیشکش کی جا رہی ہے، مولانا فضل الرحمان

Molana-Fazal-ur-Rehman

پشاور: جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے انکشاف کیا کہ ہمیں دھاندلی کے خلاف تحریک روکنے اور اس کے عوض پیش کش کی جا رہی ہے۔

جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا منیڈیٹ عوام کے پاس ہے۔ اب ہم دھمکیوں پر خاموش نہیں رہیں گے بلکہ جیلوں میں جانے تک کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں جب آپریشن شروع کیا گیا تو میں نے سب سے پہلے مخالفت کی تھی۔ اگر آپریشن کامیاب ہوا تو پھر دہشت گرد کیوں ہیں اور عوام غیر محفوظ کیوں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آپ شہدا کے مجسموں کو توڑ سکتے ہو، ہمارے عزم کو نہیں، بھائی کرنل شیر خان شہید

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اب سیکیورٹی فورسز کو قبائلی علاقوں سے چلے جانا چاہیے۔ میرا یہ گناہ ہے کہ میں نے قبائلی علاقوں میں آپریشن کی مخالفت کی اور آج بھی اسی نقطہ نظر پر قائم ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جب فاٹا کے انضمام کا فیصلہ ہوا تو میں نے اسے غلط ثابت کیا تھا۔ پھر مخالفت کرنے پر ایک امریکی افسر میرے گھر آیا اور اس نے وجہ پوچھی۔ میرا گناہ یہ تھا کہ قبائلی انضمام کی مخالفت کی میں نے تمھارے آقاؤں کا فیصلہ نہیں مانا۔

سربراہ جے یو آئی نے دعویٰ کیا کہ جدوجہد سے پیچھے ہٹنے کے لیے ہمیں پیش کش کی گئی۔ ہم نے کہہ دیا کہ ہمارا مینڈیٹ عوام کے پاس ہے۔ ہم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ اب میدان میں ہی فیصلہ ہو گا۔


متعلقہ خبریں