ایشیئن گیمز: قومی کبڈی ٹیم نے پہلا میڈل جیت لیا

ایشین گیمز: قومی کبڈی ٹیم نے پہلا میڈل جیت لیا


جکارتہ:18 ویں ایشیئن گیمز میں قومی کبڈی ٹیم کو جنوبی کوریا نے سیمی فائنل میں 27-24 سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔

انڈونیشیا میں جاری ایشیئن گیمز میں شکست کے باوجود قومی ٹیم برونز میڈل جیتنے میں کامیاب رہی، یہ اس سال ایشین گیمز میں پاکستانی دستے کی جانب سے پہلا میڈل ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ نا صرف پاکستان بلکہ ورلڈ چیمپیئن بھارت بھی اپنا سیمی فائنل مقابلہ ایران کے ہاتھوں 27-18 کے فرق سے ہار کر ٹورنامنٹ سے آوٹ ہو گیا ہے۔

ایونٹ کے فائنل میں ایران نے جنوبی کوریا کو ایک آسان مقابلے میں 26-16 کے فرق سے شکست دے کر کونٹینینٹل چیمپیئن ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔

ایونٹ کے دونوں سیمی فائنلز اور فائنل جمعہ کے روز انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں کھیلے گئے۔

مجموعی طور پر ایونٹ میں پاکستان کی کارکردگی دوسرے شعبوں سے قدرے بہتر رہی، ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں قومی ٹیم نے ملائشیا کے خلاف 62-17 کے بھاری مارجن سے فتح حاصل کی لیکن دوسرے میچ میں ایران سے 36 کے مقابلے میں 20 پوائنٹ سے ہار گئے۔

ایونٹ کے باقی میچز میں پاکستان نے انڈونیشیا، جاپان اور نیپال کے خلاف واضح فرق سے اپنے میچز جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی، جہاں اسے جنوبی کوریا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

کبڈی کے علاوہ ہاکی وہ واحد کھیل ہے جس میں موجودہ ایشین گیمز میں قومی ٹیم نے ایک سے زائد فتوحات حاصل کی ہیں۔ آج کھیلے گئے میچ میں گرین شرٹس نے قازقستان کو 16-0 کے بڑے مارجن سے شکست دی، یہ پاکستان کی ایونٹ میں مسلسل تیسری فتح ہے۔


متعلقہ خبریں