عمران خان کو مختلف سیاسی رہنماؤں کی مبارکباد

پاکستان کی سیاست اور کپتان

اسلام آباد:  نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کو پاکستان کا 22 ویں وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔

جسٹس (ر) ناصرالملک نے اپنے تہنیتی پیغام میں اس امید کا اظہار کیا ہے کہ عمران خان پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں کامیاب ہوں گے۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہرالقادری نے بھی عمران خان کو وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام اباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کے دیرینہ دوست اور مشہور کرکٹر جاوید میاںداد نے کہا کہ عمران کو وزیراعظم بنتے دیکھ کر انہیں بڑی خوشی ہو رہی ہے، وہ یہی نظارہ دیکھنے آئے تھے۔

انہوں نے عمران خان اور پورے پاکستان کو اس تاریخی لمحے کی آمد پر مبارکباد پیش کی۔

پاکستان مسلم لیگ قائد اعظم کے سربراہ چودھری شجاعت حسین اور پنجاب اسمبلی کے اسپیکر پرویزالٰہی نے بھی عمران خان کو وزیر اعظم بننے پر مبارک باد دی ہے۔

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے بھی عمران خان کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج ایک جمہوری عمل مکمل ہوا ہے اور حکومت کا اصل امتحان شروع ہوا ہے، اب نئی حکومت اپنے منشور کی طرف توجہ دے اورعوام سے کیے ہوئے وعدوں کو پورا کرے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی مخالفت برائے مخالفت پر یقین نہیں رکھتی اور حکومت عوام کے مفاد میں جو بھی اقدام کرے گی اس پرحکومت کا ساتھ  دیں گے، توقع کرتے ہیں کہ نئی حکو مت آئین، قانون اور پاکستان کے نظریے کو ہر چیز پر مقدم رکھے گی اور قومی اداروں کو مضبوط و مستحکم کرے گی۔

چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی عمران خان کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ عمران خان بطوروزیراعظم  ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے میں کامیاب ہوں گے۔


متعلقہ خبریں