ترکی میں کرد باغیوں سے جھڑپوں میں چار فوجی ہلاک


انقرہ: ترکی میں کرد باغیوں سے جھڑپوں میں ترک سیکیورٹی فورسز کے چار فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔

ایک خبر رساں ادارے کے مطابق جھڑپیں ترکی کے جنوبی علاقے میں ہوئیں جن میں ترک فوج کے چار اہلکار جان بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

حکام کے مطابق ایک دوسرے واقعے میں تین فوجی اہلکار غلطی سے اپنے ہی ساتھیوں کی فرینڈلی فائرنگ کا نشانہ بنے، ترک فوج انیس سو چوراسی سے ملک کے شمالی اور جنوبی علاقوں میں علیحدگی  پسند کردستان ورکرز پارٹی  کے خلاف برسر پیکار ہے۔

گزشتہ ہفتے ترک فوج نے  کردستان ورکرز پارٹی (پی کےکے) کے خلاف جاری آپریشن  میں چار جنگجو ہلاک کیے تھے، ترک ضلع شرناک کے  قصبے بیت الشباب  پر ترک فضائیہ نے ڈرون حملے کیے جس میں 4  دہشت گرد مارے گئے، ترک فضائیہ کی مدد سے  جاری اس آپریشن کے دوران  بھاری تعداد میں اسلحہ بھی  قبضے میں لیا گیا تھا۔

 کردستان ورکرز پارٹی انیس سو اسی کی دہائی سے جنوب مشرقی ترکی میں آزادی کے لیے مسلح جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔

اس جنگجو گروہ اور سیکیورٹی فورسز کے مابین ہونے والی جھڑپوں اور دیگر پرتشدد کارروائیوں کے باعث کم از کم چالیس ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں، ترکی کے علاوہ یورپی یونین اور امریکہ نے بھی کردستان ورکرز پارٹی کو دہشت گرد گروپ قرار دے رکھا ہے۔


متعلقہ خبریں