پنجاب میں ارکان اسمبلی نے حلف اٹھا لیا

پنجاب: ارکان اسمبلی آج حلف اٹھائیں گے | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: پنجاب اسمبلی کے نومنتخب اراکین نے اپنی ذمہ داری کا حلف اٹھا لیا ہے جس کے بعد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کل جمعرات کو ساڑھے دس بجے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے۔

نومنتخب ارکان اسمبلی کی حلف برادری کے لیے پنجاب اسمبلی کا افتتاحی اجلاس اسپیکر رانا محمد اقبال کی صدارت میں آج صبح دس بجے طلب کیا گیا تھا تاہم نئی اسمبلی کا پہلا اجلاس وقت پر شروع نہیں ہو سکا۔

حلف اٹھانے کے بعد اراکین اسمبلی نے رول آف ممبر پر دستخط کیے۔ سب سے پہلے مخدوم ہاشم جواں بخت نے اسمبلی رجسٹر پر دستخط کیے۔

پنجاب اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کل عمل میں لایا جائے گا، عہدوں کے لیے کاغذات نامزدگی آج پانچ بجے شام تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ دونوں عہدوں پر انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہوگا۔

اسپیکر کے لئے تحریک انصاف او مسلم لیگ ق کی جانب سے چوہدری پرویز الہی کے کاغذات جمع کرائے گئے ہیں جب کہ ڈپٹی اسپیکر کے لئے تحریک انصاف کے دوست محمد مزاری کے کاغذات جمع ہوئے ہیں۔

ن لیگ کے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی سیکرٹری اسمبلی کے پاس جمع کرا دیے ہیں جس کے مطابق اسپیکر کے لئے چوہدری اقبال گجر اور میاں مجتبی شجاع الرحمن سامنے لائے گئے ہیں جب کہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے مسلم لیگ ن کے وارث کلو اور رانا اعجاز نون نے کاغذات جمع کرائے ہیں۔

اجلاس کے موقع پر ارکان اسمبلی کی رہنمائی کے لیے ہیلپ ڈیسک قائم کیے گئے تھے جہاں انہیں اسمبلی کارڈز فراہم کیے جاتے رہے۔

پنجاب میں دس سال حکومت کرنے والی پاکستان مسلم لیگ ن 2018 کے انتخابات میں پنجاب اسمبلی کی 164 نشستیں حاصل کر پائی ہے۔2018 کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف 179 نشستوں کے ساتھ  پنجاب کی مضبوط ترین سیاسی جماعت بن کر ابھری ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی سات نشستیں اور مسلم لیگ ق کی دس سیٹیں ہیں۔

اسمبلی کی عمارت میں گنجائش کم ہونے کے سبب حلف برادری کے لیے آنے والے ارکان کو مہمان ساتھ لانے سے منع کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں