’میں اڑا‘ ریلیز، ’پرواز ہے جنوں‘ کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا


اسلام آباد: ہم نیٹ ورک اور مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کے بینر تلے بننے والی فلم ’پرواز ہے جنوں‘  کے  مرکزی کرداروں نے  فلم کے نئے گانے ’میں اڑا‘  کی ریلیزکے موقع پر ’ہم نیوز‘  کا دورہ کیا۔

’پرواز ہے جنوں‘  میں مرکزی  کردار ادا کرنے والے حمزہ علی عباسی، ہانیہ عامر اور احد رضا میر  فلم کے  ریلیز ہونے والے نئے گانے کی تشہیر کے لیے ’ہم نیوز‘  کے ہیڈ آفس پہنچے اور ناظرین سے شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے دلچسپ واقعات شیئر کیے۔

نٹ کھٹ سی ہانیہ عامر نے ’ہم نیوز‘ کی رپورٹر بن کر ساتھی فنکاروں سے دلچسپ سوالات کیے،  ریلیز ہونے والے اس نئے گانے ’میں اڑا‘  کے بارے میں دریافت کرنے پر احد رضا میر نے بھی شرارتی انداز اپنایا اور ہانیہ کو جواب دیا کہ نئے گانے میں بذات خود موجود ہوں، امید ہے آپ کو اچھا لگے گا۔

ہانیہ عامر اور احد رضا میر کی بات چیت کے دوران حمزہ علی عباسی نے ’چائے والے‘  کا روپ دھارا اور احد رضا میر کے ساتھ سیلفی لینے آ پہنچے۔

اپنے دلچسپ انٹرویو میں ہانیہ عامر نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران میرا تجربہ بہت اچھا رہا، میرے خیال میں جب اچھے لوگ ساتھ  ہوں تو وقت اچھا  گزرتا ہے، انہوں نے اس موقع  پر اپنے ساتھی اداکاروں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

احد رضا میر کا کہنا تھا کہ میں نے ایئرفورس اکیڈمی میں ساتھی کیڈٹس اور پائلٹس سے بہت کچھ  سیکھا، ہم  نے  وہاں جو بھی سیکھا وہ  ہماری اداکاری میں نظر آئے گا۔

حمزہ علی عباسی کا کہنا تھا کہ فلم میں اداکاری کا تجربہ شاندار تھا، ایف 16  اور جے ایف 17 میں بیٹھنے کا موقع ملا، یہ وہ سعادت ہے جو وہاں کے کیڈٹس کو بھی نصیب نہیں ہوتی، انہیں اس تک پہنچنے کے لیے 15  سے 16 سال لگ جاتے ہیں۔

حمزہ علی عباسی نے بتایا کہ ہم نے پاک فضائیہ کا طرز زندگی  بہت قریب سے دیکھا جس سے دل میں ان کے لیے ایک نئی عزت پیدا ہوئی ہے۔

حمزہ علی عباسی نے فلم کی مقبولیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سب سے زیادہ پذیرائی اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے ملی، دبئی، ٹورنٹو، نیویارک اور لندن، ہم جہاں بھی گئے،  ہمارا پرجوش استقبال کیا گیا جس کی ہم  توقع بھی نہیں کر رہے تھے۔

’پرواز ہے جنوں‘ کا گانا ’میں اڑا‘ ریلیز:

’پرواز ہے جنوں‘  کے نئے گانے ’میں اڑا‘  کی ریلیز نے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے، اس سے قبل ریلیز ہونے والے گانوں ’بھلیا‘،  ’تھام لو‘ اور ’ناچے رے‘  کو بھی مداحوں کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی تھی۔

حمزہ علی عباسی کا کہنا تھا کہ ’میں اڑا‘  کی شوٹنگ پاکستان کے تقریباً  تمام ایئرفورس بیسز پر کی گئی ہے، اس کے علاوہ  نلتر، اسکردو، گلگت اور پاکستان کے  ہر کونے میں اسے شوٹ کیا گیا، ’پرواز ہے جنوں‘  کے  گانے پاکستان کے طول و عرض میں فلمائے گئے ہیں۔

احد رضا میر نے بتایا کہ  ’پرواز ہے جنوں‘  کی خاص بات یہی ہے کہ اسے پاکستان کی تقریباً تمام خوبصورت جگہوں پر شوٹ کیا گیا ہے، اوورسیز پاکستانی اسے دیکھ کر یقیناً خوشی محسوس کریں گے۔

ہانیہ عامر کا کہنا تھا کہ فلم میں ان کا کردار وہ اسٹیریو ٹائپ  توڑتا ہے جس کے مطابق خواتین کے بارے میں سمجھا جاتا ہے کہ وہ یہ کام نہیں کرسکتیں۔


متعلقہ خبریں