کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 8 اضلاع سے بجلی غائب

بجلی کا بحران سنگین صورتحال اختیار کر گیا

کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبہ کے آٹھ اضلاع کو اوچ سبی ٹرانسمیشن لائن میں ہونے والی خرابی کے سبب گزشتہ شب سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

ہم نیوز کے مطابق کوئٹہ اور ملحقہ علاقوں کو بجلی فراہمی کے ذمہ دار ادارے کیسکو نے بجلی کے حالیہ مسئلہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ کو متبادل ذرائع سے بجلی کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔

کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پہلے مرحلہ میں شہر کے تمام گرڈ اسٹیشنوں کو بجلی فراہم کی گئی ہے جس کہ دوسرے مرحلہ میں بتدریج فیڈرز کو بجلی مہیا کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

کیسکو کا کہنا ہے کہ فیڈرز کو بجلی کی فراہمی لوڈ کے مطابق اور آہستہ آہستہ کی جا رہی ہے۔

اوچ سبی ٹرانسمیشن لائن میں رات کوہونے والی فنی خرابی سےبجلی کی فراہمی متاثر ہوئی جس کے نتیجے میں کوئٹہ، سبی، بولان، مستونگ، نوشکی، چاغی، پشین اور قلعہ عبداللہ کے اضلاع متاثر ہوئے تھے۔

کیسکو کا کہنا ہے کہ دیگر متاثرہ اضلاع کو بھی بجلی کی فراہمی کے لئے کوششیں جاری ہیں تاہم ان علاقوں میں بجلی کی مکمل بحالی کا وقت نہیں بتایا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں