روسی نائب وزیر دفاع کی ائیر چیف سے ملاقات


اسلام آباد:  روس کے نائب وزیر دفاع  کرنل جنرل الیگزینڈر ویسیلیوچ  فومن نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان سے ملاقات کی۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر ہیڈ کوارٹرز آمد  پر پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

روسی نائب وزیر دفاع  اورائیرچیف مارشل کی ملاقات میں پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور سمیت علاقائی صورت حال اور دفاع  میں باہمی تعاون کے مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔

ترجمان وزارت دفاع  کے مطابق وزارت دفاع میں  پاک روس مشترکہ فوجی مشاورتی کمیٹی کا پہلا اجلاس بھی  ہوا جس میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری دفاع  لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ  ضمیر الحسن شاہ اور روسی وفد کی قیادت نائب وزیر دفاع  الیگزینڈر فومین نے کی۔

اجلاس میں دوطرفہ دفاعی تعاون کے علاوہ افغانستان اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا، اجلاس کے دوران روسی اداروں میں پاکستان کو تربیتی سہولتوں کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط بھی کیے گئے۔

روسی نائب وزیر خارجہ کی سیکرٹری دفاع سے ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔


متعلقہ خبریں