اسرائیل کو صیہونی ریاست قرار دینے کا بل منظور


تل ابیب: اسرائیلی پارلیمنٹ نے اسرائیل کو صیہونی ریاست قرار دینے کا متنازعہ بل منظور کر لیا ہے۔

اسرائیلی پارلیمنٹ میں اس بل پر گزشتہ کئی ماہ سے بحث جاری تھی، جمعرات کو اسے 55  کے مقابلے میں 62 ووٹوں سے منظور کر لیا گیا ہے۔

بل کے تحت صرف یہودیوں کو ملک میں خودمختاری کا حق حاصل ہو گا، بل کی منظوری سے پہلے عبرانی اور عربی اسرائیل کی سرکاری زبانیں تھیں لیکن اب عربی سرکاری زبان  کے بجائے خصوصی اسٹیٹس کی زبان بن جائے گی، بل کی منظوری پر اسرائیلی پارلیمنٹ کے عرب ارکان نے مسودہ پھاڑ دیا اور زبردست احتجاج کیا۔

اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے بل کی منظوری کو ایک تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قانون کے ذریعے ہم نے اپنے وجود کے بنیادی اصولوں کا تعین کر لیا ہے، اسرائیل یہودیوں کی قومی ریاست ہے اور اپنے شہریوں کے تمام حقوق کا احترام کرتی ہے۔

اسرائیلی پارلیمنٹ کے عرب ارکان نے اسے نسل پرستی پر مبنی بل کہا اور نیتن یاہو کو عرب زبان سے خوفزدہ شخص قرار دیا۔

اسرائیل کی آبادی کا 20 فیصد عرب شہریوں پر مشتمل ہے  جو اس قانون کے بعد دوسرے درجے کے شہری بن جائیں گے۔


متعلقہ خبریں