اسلام آباد: جوتے پالش کر کے گزربسر کرنے والے کم عمر بچوں کی ایک ویڈیو نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر صارفین کی توجہ حاصل کی ہے جو ڈیم فنڈ کیلیے رقم جمع کرانے بینک میں موجود ہیں۔
چند سیکنڈ کی ویڈیو میں کچھ کم سن بچے بینک آف پنجاب کی لاہور میں واقع ایک برانچ میں کھڑے دیکھے جا سکتے ہیں۔
بچوں کے ہاتھوں میں 100 سو روپے کے کرنسی نوٹ ہیں جنہیں لے کر وہ کیشیئر کے سامنے قطار بنائے کھڑے نظر آتے ہیں۔
ویڈیو میں موجود آواز بچوں کی شناخت کراتے ہوئے کہتی ہے کہ باجوڑ سے تعلق رکھنے والے یہ بچے اپنی رقم ڈیم فنڈ میں جمع کرانے کے لیے آئے ہیں جو دوسروں کے لیے لائق تقلید ہے۔
ملک میں پانی کے بحران سے نمٹنے کے لیے سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایت پر قائم کردہ ڈیم فنڈ میں ہفتہ کی سہ پہر تک نو کروڑ گیارہ لاکھ 36 ہزار 296 روپے جمع کیے جا چکے ہیں جب کہ مختلف اداروں اور افراد کی جانب سے وعدہ کردہ عطیات کی مقدار تین ارب روپے سے زائد ہو چکی ہے۔
کشادہ پیشانیوں پر بچپن کی معصومیت اور حالات کی تلخی لیے سات کم سن بچوں کا ڈیم فنڈ کیلیے دیا گیا عطیہ رقم کے اعتبار سے یقینا چھوٹا ہے لیکن اس کے پس پردہ جذبہ سراہے جانے کے لائق ہے۔