انتخابات کی تیاری کریں، شہباز شریف کی کارکنوں کو ہدایت


لاہور: پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے 13 جولائی کی کامیاب ریلی پر کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ اب انتخابات کی تیاری کریں۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی زیرصدارت ماڈل ٹاؤن میں اُن کی رہائش گاہ پر پارٹی کا ایک اہم اجلاس ہوا جس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سردار ایاز صادق، حمزہ شہباز، وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، خواجہ سعد رفیق، خواجہ آصف، احسن اقبال، مشاہد حسین سید اور مریم اورنگزیب سمیت دیگر اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے اجلا س کے شرکا سے کہا کہ ہم نے 13 جولائی کا معرکہ اپنے نام کر لیا، اب 25 جولائی کے انتخابات میں فتح حاصل کرنی ہے، انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی آمد کے موقع پر نکالی جانے والی ریلی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس میں شریک ہو کر کارکنوں نے دل خوش کر دیا ہے۔

شہباز شریف نے مرکزی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ اب ہمیں سکون سے نہیں بیٹھنا بلکہ اپنے ووٹروں اور حمایتیوں کو انتخابی معرکے کیلئے تیار کرنا ہے۔

اجلاس کے آغاز میں گزشتہ روز مستونگ میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کی گئی اور شہید ہونے والوں کے بلند درجات کیلئے خصوصی دعا مانگی گئی۔

اجلاس میں گزشتہ روز مسلم لیگ نون کی استقبالی ریلی پر اجلاس کے شرکاء نے اطمینان کا اظہار کیا جب کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام امیدواران اپنی اپنی انتخابی مہم پر خصوصی توجہ دیں گے۔


متعلقہ خبریں