نیب کیپٹن صفدر کو گرفتار کرنے میں ناکام


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن محمد صفدر کو گرفتار کرنے میں اب تک ناکام  رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق ہفتے کو نیب کی تین ٹیمیں کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو گرفتار کرنے مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور پہنچیں جہاں انہوں نے مختلف گھروں پر چھاپے بھی مارے تاہم کیپٹن صفدر کی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔

نیب خیبرپختونخوا کی ٹیم بھی اتوار کو ایبٹ آباد پہنچ گئی، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور ہری پور میں نیب ٹیمیں کیپٹن صفدر کی رہائش گاہ اور ممکنہ ٹھکانوں کی مانیٹرنگ کر رہی ہیں جبکہ خیبرپختونخوا کی انتظامیہ اور پولیس بھی نیب ٹیموں کی معاونت کررہی ہیں۔

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے قریبی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ کیپٹن صفدر نے نواز شریف کے ملک واپس آنے کے اعلان کے بعد بغیر مشورے کے سرنڈر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کیپٹن صفدر نواز شریف کے مشورے کے بعد ہی  یا  تو خود کو نیب کے حوالے کردیں گے یا پھر جمعہ کو نواز شریف کے وطن واپس پہچنے کے بعد نواز شریف اور مریم نواز کے ہمراہ گرفتاری دیں گے۔

ذرائع کے مطابق کیپٹن صفدر کی جانب سے نواز شریف سے رابطے کی کوشش کی جا رہی ہے تاہم ابھی تک اُن کا نواز شریف سے رابطہ نہیں ہوسکا۔

کیپٹن صفدر کی گرفتاری کا فیصلہ نواز شریف کریں گے کہ کس جگہ اور کس طرح سے گرفتاری دینی ہے۔

احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں جمعہ کو کیپٹن صفدر کو بھی ایک سال قید کی سزا سنائی تھی جس کے بعد سے کیپٹن صفدر منظر عام سے غائب ہیں۔


متعلقہ خبریں