کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی ریلی پر لیاری میں پتھراؤ کیا گیا جس سے چھ سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔
پتھراؤ کے باعث قافلے میں شریک متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ پانی دیتے نہیں اور ووٹ مانگنے آجاتے ہیں۔ مظاہرین ’پانی دو پانی دو‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔
انتخابی ریلی میں شریک قومی اسمبلی کے امیدوار شرجیل انعام میمن کی گاڑی کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی ترجمان شیری رحمان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ لیاری کے لوگوں کو استعمال کیا گیا ہے۔ بلاول بھٹو اور ہم لوگ ایک ساتھ اور خیریت سے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر نے ردعمل میں کہا ہے کہ انتخابی ریلی پر حملہ کرنا بہت بڑا جرم ہے اور انتخابی عمل کے اندر تشدد کے نتائج خطرناک ثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پر امن سیاست کے حامی ہیں آخر کب تک پیپلزپارٹی کے لوگوں پرحملے کیے جاتے رہیں گے؟ حملہ کرنے والوں کو انجام تک پہنچنا چاہیے۔
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نیئر بخاری نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے پیپلز پارٹی کے مخالفین اوچھے ہتھکنڈوں پراترآئے ہیں لیاری کا واقعہ مخالفین کی شکست کا اعتراف ہے۔