اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف سربراہ عمران خان نے اسلام آباد سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 سے اپنے ’ادھورے‘ کاغذات نامزدگی ’مکمل‘ کرتے ہوئے اپنی کارکردگی کی وضاحت کر دی۔
بدھ کے روز عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ میں قائم اپپلٹ ٹربیونل کے سامنے پیش ہوئے اور کاغذات نامزدگی کے ساتھ جمع کرائے جانے والے حلف نامہ کی شق این مکمل کی۔
اس شق کے تحت ماضی میں رکن اسمبلی رہنے والے امیدوار کو اپنی کارکردگی بتانی ہوتی کہ اس نے اپنے ووٹرز کے لیے کیا خدمات سرانجام دی ہیں۔ تحریک انصاف سربراہ نے لکھا کہ انہوں نے شوکت خانم اسپتال، نمل یونیورسٹی (میانوالی) بنائی ہے، عوام کو آئینی حقوق کی جدوجہد کرنے کا شعور دیا ہے۔
حلف نامہ کی شق این نے کارکردگی سے متعلق معلومات نہ دینے پر ریٹرننگ آفیسر نے عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے تھے، جس کے خلاف تحریک انصاف نے انتخابی ٹربیونل سے رجوع کیا تھا۔