لاہور: تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد نے ملک کے چاروں گورنر ہاؤس بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چاروں گورنر ہاؤسز میں مسلم لیگ نون کی انتخابی مہم چل رہی ہے اور اگر انہیں بند نہیں کیا گیا تو یہ قبل از انتخابات دھاندلی تصور ہو گی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کی رہنما اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 125 سے امیدوار یاسمین راشد نے کہا کہ مریم نواز پر ہم نے اعتراضات اٹھائے تھے اور بتایا تھا کہ اُن کی بیرون ملک بھی جائیدادیں موجود ہیں لیکن اس کے باوجود ریٹرننگ آفیسر (آر او) نے ہماری ایک نہیں سنی اور مریم نواز کے کاغذات منظور کر لیے حالانکہ وہ ایسا نہیں کرسکتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون پاکستان کے صدر شہباز شریف بتائیں کہ وہ کس کے پرائیویٹ جہاز میں کراچی گئے ہیں اور شہباز شریف کو 19 گاڑیوں کا پروٹوکول بھی دیا گیا ہے۔
رہنما تحریک انصاف نے لاہور میں پانی کے بحران پر کہا کہ گزشتہ دس سال سے پنجاب میں شہباز شریف کی حکومت تھی لیکن نلکے میں پانی ہی نہیں آ رہا اور شہباز شریف کراچی میں پانی کا مسئلہ حل کرنے کی بات کر رہے ہیں، لاہور میں چار سو کروڑ سے پانی کا منصوبہ تو لگا دیا گیا لیکن شہریوں کو پانی کی ایک بوند بھی نہیں ملی۔