ترکی میں صدارتی و پارلیمانی انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز ہوگیا

ترکی میں صدارتی و پارلیمانی انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز ہوگیا | urduhumnews.wpengine.com

انقرہ: ترکی میں صدارتی و پارلیمانی انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز ہوگیا ہے جس میں ترک صدر رجب طیب ایردوان کا مخالفین سے سخت مقابلہ متوقع ہے۔ ترکی میں پولنگ پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے تک جاری رہے گی۔

توقع ہے کہ ترک صدر طیب ایردوان اورحزب اختلاف کے رہنما محرم انجے کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوگا۔

صدارتی انتخابات میں امیدوار کا 50 فیصد سے زائد ووٹ لینا ضروری ہے۔ ووٹرز پارلیمنٹ کی 600 نشستوں کے لیے بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

ترکی میں کل پانچ کروڑ 63 لاکھ رجسٹرڈ ووٹرز ہیں جس میں سے ایک لاکھ 80 ہزار بیلٹ باکس کے ذریعے حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

صدارتی اور پارلیمانی ووٹ کے لیے ایک ہی بیلٹ پیپر استعمال کیا جائے گا۔ انتخابی عمل ختم ہونے کے بعد صدارتی ووٹوں کی گنتی پہلے کی جائے گی۔

بیرون ملک میں مقیم ترک شہری شام پانچ بجے تک سفارت خانوں میں ووٹ ڈالیں گے۔ معذور افراد اور مریضوں کے لیے موبائل بیلٹ بکس بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔

صدارتی انتخابات میں موجودہ صدر طیب ایردوان سمیت چھ امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ پارلیمانی انتخابات میں آٹھ بڑی سیاسی جماعتوں کا آپس میں کانٹے دار مقابلہ ہو گا۔

ترک انتخابات کی کوریج کے لیے 34 ممالک سے 600 کے قریب صحافی الیکشن کا جائزہ لینے کے لیے ترکی میں موجود ہیں۔


متعلقہ خبریں