الیکشن ڈیوٹی: پاک فوج کے افسروں کی تربیت کا شیڈول تیار


اسلام آباد: الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی)  نے پاک فوج کے افسران کی تربیت کا شیڈول تیار کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کے 28 لیڈ  ٹرینرز پاک فوج کے 1400 ٹرینرز کو تربیت دیں گے، انہیں انتخابی امور پر 14 مختلف مقامات پر تربیت دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے ٹرینرز کو 26 جون سے یکم جولائی تک تربیت دی جائے گی، تربیت کے مقامات میں راولپنڈی، کراچی، پنوں عاقل، کوئٹہ اور خضدار کے علاوہ پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، لاہور، ملتان، بہاولپور، سرگودھا، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور منگلا  شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق پریزائیڈنگ افسروں کو دی جانے والی تربیت پاک فوج کے ٹرینرز کو دی جائے گی، پاک فوج کے 14 سو ٹرینرز بعد میں دیگر دو لاکھ سے زائد فوجی جوانوں کو تربیت دیں گے۔

الیکشن کمیشن نے پچھلے ہفتے اعلان کیا تھا کہ پاک فوج کے جوان پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر اپنے فرائض انجام دینے کے علاوہ 27 جون سے ان پرنٹنگ پریسز کی حفاظت پر بھی متعین ہوں گے جہاں بیلٹ پیپرز کی طباعت ہو گی۔


متعلقہ خبریں