شریف خاندان سے ذاتی جھگڑا نہیں ہے ، فواد چودھری


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چودھری نے واضح کیا ہے کہ شریف خاندان سے ذاتی جھگڑا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وفد نے بیگم کلثوم نواز کی عیادت کی ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے نگراں حکومت پرنکتہ چینی کی اور کہا کہ وہ بہت سست روی سے چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگراں حکومتوں کو تیزی سے کام کرنا چاہیے۔

بیرسٹر فواد چودھری نے کہا کہ سندھ اورپنجاب میں اب تک ضلعی انتظامیہ کو تبدیل نہیں کیا گیا ہے۔ ان کا الزام تھا کہ پنجاب اورسندھ میں سابقہ حکومتوں کے وفادار بیٹھے ہیں۔

پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان نے الزام عائد کیا کہ نواز شریف اوران کے وکلا تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان پر منی لانڈرنگ کے الزامات ہیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ نو ماہ سے احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف مقدمہ چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  ہم چاہتے ہیں کہ جلد انصاف ہو۔

سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چودھری پرسخت تنقید کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان نے الزام عائد کیا کہ انہوں نے 2013 میں مسلم لیگ کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔

فواد چودھری نے دعویٰ کیا کہ نوازشریف نے افتخارچودھری کو صدر بنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن پھر وہ مکر گئے۔

انہوں نے کہا کہ افتخارمحمد چودھری کے کردار سے دنیا واقف ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا نیب کو ان کی کرپشن نظر نہیں آرہی ہے؟

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چودھری نے کہا کہ ہمارے اعتراضات پر الیکشن کمیشن نے کان نہیں دھرا ہے۔


متعلقہ خبریں