آئی جی سندھ نے منشیات کیخلاف ٹاسک فورس قائم کر دی


کراچی: آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن نے گٹکا، ماوا، مین پوری اور دیگر منشیات کے خلاف صوبائی ٹاسک فورس قائم کر دی۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی جانب سے جاری کردہ حکم نامہ کے مطابق ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ٹاسک فورس کے چیئرمین ہوں گے اور دیگر اراکین میں ڈی آئی جی اسپیشل برانچ، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز اور اے آئی جی آپریشنز ہوں گے۔

ٹاسک فورس کے ارکان ضلعوں میں ایس پی کی سربراہی میں ٹیمیں تشکیل دیں گے اور صوبائی ٹاسک فورس گٹکا، ماوا، مین پوری اور منشیات کے خلاف کام کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: معیشت کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیر اعظم

ٹاسک فورس چھاپوں کے لیے پولیس کے کسی بھی یونٹ سے مدد طلب کرسکتی ہے اور مقدمے کے اندراج کے بعد انویسٹی گیشن بھی ٹاسک فورس مانیٹر کرے گی۔

کامیاب چھاپے کی صورت میں متعلقہ ایس ایس پی سے ایس ایچ او تک سب کے خلاف محکمانہ کارروائی ہو گی۔

دو روز قبل آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن کی سربراہی میں ہونے والے پہلے اجلاس میں منشیات کے خلاف ٹاسک فورس کی بحالی کا حکم دیا تھا۔

اجلاس میں امن و امان کی موجودہ صورتحال، پولیس سیکیورٹی پلانز سمیت انسداد جرائم، منظم جرائم و دیگر سنگین جرائم کے خلاف پولیس حکمت عملی اور لائحہ عمل سمیت شعبہ تفتیش کو تقویت دینے پر غور اور ضروری ہدایات دی گئی تھیں۔

غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ محکمہ پولیس میں کالی بھیڑوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور تمام ایس ایس پیز اپنے اپنے سرکاری دفاتر میں صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایس ایس پیز دفتر میں موجودگی کے دوران عام لوگوں سے ناصرف شیڈول ملاقاتیں کریں بلکہ اُن کی شکایات کا بروقت ازالہ بھی کیا جائے۔


متعلقہ خبریں