قومی ٹیم کی کمان ایک مرتبہ پھر شاہین سے لیکر بابر اعظم کو دی جانے کا امکان

Babar azam

ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کمان ایک مرتبہ پھر شاہین شاہ آفریدی سے لے کر سابق کپتان بابر اعظم کو دی جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی نئی 7 رکنی سلیکشن کمیٹی کی کپتانی کے معاملے پر پھر مشاورت ہوئی ہے۔ سلیکشن کمیٹی نے کپتان کے لیے مختلف ناموں پر غور کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے کپتان کے لیے ناموں میں بابر اعظم، شاہین آفریدی، محمد رضوان اور شاداب خان کے نام زیرِ غور ہیں۔ سلیکشن کمیٹی نے کپتان سے متعلق تجاویز چیئرمین پی سی بی کو ارسال کردی ہیں۔

پی سی بی کی جانب سے آئندہ چند روز میں کپتان کا حتمی اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔ پی سی بی کی طرف سے کوچنگ پینل بھی جلد فائنل کیا جائے گا۔

کپتانی کی ذمہ داری دی ہے تو شاہین کو وقت بھی دیں، شاہد آفریدی

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم آج کاکول میں جاری ٹریننگ کیمپ کو جوائن کرنے سے قبل بورڈ آفیشلز سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات کے دوران کپتانی بابر کو سونپے جانے سے متعلق تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی کو لے کر ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ کپتانی سونپے جانے کے حوالے سے اطلاعات تو ملی ہیں لیکن بابر اعظم نے کپتانی کی پیشکش ہونے پر اسے قبول کرنے کا ابھی ذہن نہیں بنایا ہے۔

اطلاعات کے مطابق بابر اعظم کو اگر کپتانی کی پیشکش کی گئی تو وہ مختلف پہلوؤں پر پی سی بی حکام سے بات کریں گے۔

میں کسی کو ڈنڈے مار کر سیدھا نہیں کر سکتا، شاہین آفریدی

خیال رہے کہ حال ہی میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کپتان کی تبدیلی سے متعلق بیان میں کہنا تھا کہ کپتان شاہین ہی رہے گا یا بدلے گا، یہ کیمپ کے بعد فیصلہ ہوگا۔

دوسری طرف سابق کپتان شاہد آفریدی بھی شاہین آفریدی کے حق میں سامنے آگئے، انہوں نے کہا ہے کہ شاہین کو کپتانی کی ذمہ داری دی گئی تو اُسے وقت بھی دینا چاہیے۔


متعلقہ خبریں