کپتانی کی ذمہ داری دی ہے تو شاہین کو وقت بھی دیں، شاہد آفریدی

شاہد آفریدی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ شاہین کو کپتانی کی ذمہ داری دی گئی تو اُسے وقت بھی دینا چاہیے، محمد عامر اور عماد وسیم کا ریٹائرمنٹ واپس لینے کا فیصلہ درست ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے شاہین آفریدی کی کپتانی سے متعلق خبروں پر رد عمل دیا۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی میں ہر آنے والا سمجھتا ہے کہ پہلے آنے والے نے غلط کام کیے۔ تبدیلی کی باتیں سامنے آنے سے لگتا ہے کہ کپتان بنانے کا فیصلہ غلط تھا یا اب جو ہوگا وہ غلط ہوگا۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ قومی سلیکشن کمیٹی کو خود مختار بنانا درست لیکن اس کا سربراہ بھی ہونا چاہیے۔ کسی غیر ملکی کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے میں کوئی مضائقہ نہیں تاہم کوچنگ اسٹاف مقامی افراد پر مشتمل ہونا چاہیے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ میں شاہین آفریدی کو ہٹائے جانے کی تجویز زیر غور

سابق کپتان نے کہا کہ عماد وسیم اور محمد عامر سینئر اور تجربہ کار کھلاڑی ہیں۔ ان کی موجودگی پاکستان کرکٹ ٹیم کو تقویت دے گی جبکہ نوجوان کرکٹرز کو ان سے سیکھنے کو ملے گا اور اس کا فائدہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ کاکول میں میرا اچھا تجربہ رہا ہے، وہاں پر تربیت کے مواقع ملنے پر کھلاڑی کی فٹنس پر کافی فرق پڑتا ہے اور کھلاڑی کی جسمانی تربیت پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ کھلاڑیوں کو اگر کاکول میں ایک مہینے تک کیمپ میں تربیت حاصل ہوجائے تو وہ سپرمین بن کر نکلیں گے۔


متعلقہ خبریں